
:یوحنا بپتسمہ دینے والا
(پرانے عہد کا سب سے بڑا آدمی)
اب زکریاہ کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوتی ہے۔ دنیا کی نظر میں، ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو آپ کو "بڑا" بناتی ہیں۔ صحیح گھرانے میں پیدا ہونا یا کسی مشہور یا دولت مند کا بیٹا / بیٹی ہونا. اگر آپ کے پاس بہت پیسہ ہے تو دنیا آپ کو بڑا سمجھتی ہے۔ ایک اور چیز تعلیم ہے۔ اگر آپ کو بہت زیادہ علم حاصل ہو گیا ہے، اگر آپ نے بہت سی ڈگریاں حاصل کرلی ہیں، یا آپ بہت ہی بااثر کتابوں کے مصنف ہیں یا عام طور پر اگر آپ کامیاب ہیں تو، لوگ آپ کو بہت بڑا سمجھتے ہیں۔ لیکن خدا کا معیار انسان سے مختلف ہے۔ بائبل میں ایک ایسے شخص کا کردار موجود ہے جو اپنے وقت تک کے لوگوں میں سب سے بڑا آدمی تھا۔ یہ شخص موسیٰ سے بڑا ہے، ابراہیم ، اضحاق ، یعقوب یا یوسف سے بڑا ہے۔ یہ آدمی داؤد سے بڑا، سلیمان سے بڑا، یسعیاہ، یرمیاہ، حزقی ایل یا دانی ایل سے بڑا ہے۔ ایلیاہ یا الیشع سے بڑا۔ اسرائیل کی تاریخ کے کسی بھی بادشاہ سے بڑا، حزقیاہ، یوسیاہ جیسے عظیم اور دیندار آدمیوں سے بھی۔ یہ اپنے وقت تک کا سب سے بڑا آدمی ہے۔ اور وہ بھی ایک عام گھرانے میں پیدا ہوا تھا۔ اس کا باپ ایک کاہن تھا، اور یہ ایک عام سی بات تھی۔ اس ملک میں کاہنوں کے 24 فریق ہوتے تھے، اور وہ سال بھر میں بس دو ہفتے خدمت کرتے تھے. جب ان کے مخصوص فریق کی مقدس میں جانے اور کاہنوں کی حیثیت سے کام کرنے کی باری ہوتی تھی، اور باقی وقت وہ عام لوگ تھے۔ اس کے پاس پیسے نہیں تھے۔ جہاں تک ہم بتا سکتے ہیں، وہ بیابانوں میں رہتا تھا۔ اس کی کوئی باقاعدہ تعلیم نہیں تھی، اور جس کو لوگ کامیابی کے طور پر گنتے ہیں، اس کے پاس ایسی کوئی بھی چیز نہیں تھی جس کی وہ بات کر سکے۔ لوقا 1ب میں ہمارا تعارف اپنے وقت تک کے سب سے بڑے آدمی یعنی یوحنا سے ہوتا ہے۔ متی 11باب 11آیت میں لکھا ہے یسوع مسیح نے کہا "مَیں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ جو عَورتوں سے پَیدا ہُوئے ہیں اُن میں یُوحنّا بپتِسمہ دینے والے سے بڑا کوئی نہیں ہُؤا لیکن جو آسمان کی بادشاہی میں چھوٹا ہے وہ اُس سے بڑا ہے۔" "عورتوں سے پیدا ہوئے" ایک قدیم عبارت ہے جو جسمانیت کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ یہ پرانے عہد کا سب سے بڑا فرد ہے اپنے کام اور استحقاق کے لحاظ سے. سب سے بڑا کیونکہ وہ دنیا کے نجات دہندہ کا پیشرو تھا۔ یوحنا کا مطلب ہے "یہوواہ مہربان ہے"۔ وہ ایک غیر معمولی بچہ تھا۔ اپنی ماں کے پیٹ سے روح سے بھرا ہوا تھا۔ خداوند کی نظر میں بڑا. بہتوں کو راستبازی کی طرف پھیرنے والا۔ اس نے صحیح وقت کے آنے تک صحرا میں اپنی پوری زندگی گزاری۔ یہودی لوگ جانتے تھے کہ مسیح کا ایک پیشرو اور مناد ہوگا۔ وہ جانتے تھے کہ کوئی آنے والا ہے اور اعلان کرے گا کہ مسیح آرہا ہے۔ اور آپ جانتے ہیں کہ ان کی سوچ کے مطابق وہ کون تھا؟ ان کا خیال تھا کہ یہ ایلیاہ نبی ہو گا۔ آپ کو ایک دلچسپ بات معلوم ہے؟ قدامت پسند یہودیوں کے ہاں فسح کی تقریب میں، میز پر ایلیاہ نبی کے لیے مخصوص ایک پیالہ رکھا جاتا ہے۔ اور یہودی بچے کے ختنہ پر، ایلیاہ کے لئے ایک کرسی رکھی جاتی ہے، جس میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ایلیاہ جب آئے گا تو اس کرسی پر بیٹھے گا یا پھر فسح کی تقریب میں رکھے گئے اس پیالہ میں سے پیئے گا، تو یہ اس بات کا اشارہ ہوگا کہ بادشاہ آ رہا ہے۔ اب، یہودی جو چیز دیکھنے میں ناکام رہے تھے وہ یہ تھی کہ اگرچہ یوحنا حقیقت میں ایلیاہ نہیں تھا - سنیے. یوحنا اس پیشگوئی کی تکمیل تھا جو اس طرح تھی کہ "ایلیاہ آئے گا"۔ یوحنا نئے عہد نامہ کا ایلیاہ تھا۔ ملاکی میں ہم پرانے عہد نامہ کا آخری بیان دیکھتے ہیں. یہاں لکھا ہے "دیکھو خُداوند کے بزُرگ اور ہَولناک دِن کے آنے سے پیشتر مَیں ایلیّاہ نبی کو تُمہارے پاس بھیجُوں گا۔ اور وہ باپ کا دِل بیٹے کی طرف اور بیٹے کا باپ کی طرف مائِل کرے گا۔ مبادا مَیں آؤُں اور زمِین کو ملعُون کرُوں۔" دوسرے لفظوں میں، پرانا عہد نامہ اس بات پر ختم ہوتا ہے، ملاکی نبی کہتا ہے اگلا آدمی جو منظر عام پر آئے گا وہ ایلیاہ ہو گا اور وہ لوگوں کو بادشاہ کی آمد کے لئے تیار کرے گا۔ اور وہ باپ کا دِل بیٹے کی طرف اور بیٹے کا باپ کی طرف مائِل کرے گا۔ اب آپ کہیں گے، "آپ کیسے جانتے ہیں کہ یوحنا نے اس کو پورا کیا؟" لوقا 17:1آیت میں لکھا ہے "اور وہ ایلیّاؔہ کی رُوح اور قُوّت میں اُس کے آگے آگے چلے گا کہ والِدوں کے دِل اَولاد کی طرف اور نافرمانوں کو راست بازوں کی دانائی پر چلنے کی طرف پھیرے اور خُداوند کے لِئے ایک مُستعِد قَوم تیّار کرے۔" دوسرے الفاظ میں، ملاکی 4باب 6آیت کو یہاں ایک بار پھر نقل کیا گیا ہے۔ اور ایلیاہ جس کا تذکرہ کیا جارہا ہے وہ کوئی اور نہیں سوا یوحنا بپتسمہ دینے والے کے۔ وہی ایلیاہ ہے۔ یوحنا اور اسکی خدمت سے متعلق تمام باتوں کو ہم تفصیلاً کرسمس سریز کے بعدسیکیھنگے ۔